منگلورو4؍جولائی (ایس او نیوز)یہاں کے لائٹ ہاؤس روڈ پر قدیم تاریخی عید گاہ مسجد واقع ہونے کی وجہ سے اس سڑک کانام عید گاہ مسجدروڈ رکھنے کی درخواست کے ساتھ منگلورو کی مسلم جماعتوں کے متحدہ محاذ نے میونسپل میئر کو میمورنڈم سونپا ہے۔
سابق میئر کے اشرف کی قیادت میں دئے گئے اس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ عید گاہ مسجد کی حیثیت تاریخی ہونے کی وجہ سے اس سڑک کا نام بدل کر کوئی اور نام رکھنے کے بجائے عید گاہ مسجد روڈ رکھا جانا چاہیے۔ میمورنڈم میں اس بات کو بھی واضح کیا گیا ہے کہ بالفرض اگر اس سڑک کو دوسرا کوئی اورنام دیا جاتا ہے تو اس کے خلاف مسلم جماعتوں کے محاذ کی طرف سے سخت احتجاج کیا جائے گا۔میئر سے ملاقات کرنے والے وفد میں کے اشرف کے علاوہ محمد حنیف، سی ایم مصطفیٰ، حمید کودرولی، اشرف کینار،سہیل کندک، عزیز کودرولی اوردیگر حضرات موجود تھے۔